اسرائیل کی داخلی سلامتی کے ادارے "شاباک" نے آن لائن ایجنٹ بھرتی کرنے اور دنیا بھر کی جاسوسی کرنے کے لیے ایک نئی ویب سائیٹ تیار کی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق "زندگی میں سنہری موقع" کے نام سے تیار کی جانے والی ویب سائیٹ میں اسرائیل کے خفیہ اداروں کو حساس معلومات فراہم کرنے والوں کو نقد رقوم کی بھی پیش کش کی گئی ہے۔
ویب سائیٹ کے سرورق پر ایک ٹال فری فون نمبر دیا گیا ہے اور کہا گیا کہ آپ اس نمبر پر رابطہ کرکے معلومات کی
فراہمی کے بعد بھاری معاوضہ وصول کرسکتے ہیں۔ ہم آپ کی امن وسلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہرممکن تعاون کرنے اور آپ کو ایک معقول روزگاری کی فراہمی کا موقع فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
خاص طور پر یہ ویب سائیٹ فلسطین کے جنگ زدہ علاقے غزہ کی پٹی کے نوجوانوں کے لیے ہے جنہیں کہا گیا ہے کہ وہ غزہ کے مختلف علاقوں میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے ٹھکانوں اور زیرزمین بنکروں، اسلحہ کے ذخائر اور راکٹ تیار کرنے والی فیکٹریوں کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔